حیدرآباد ،واسا ملازمین کا تنخواہ و پنشن کی عدم ادائیگی پر احتجاج

402

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کا واسا ملازمین کی تنخواہوں پنشن کی عدم ادائیگی اور احتجاج کرنے پر واسا ملازمین کیخلاف مقدمات درج کرنے کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پرچیئرمین اطہر خان چانگ ،بلاول ملاح ،اشفاق علی ، جمیل شیخ وحید اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے واسا میں موجودہ ایم ڈی آئے ہیں ادارے کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے انہوںنے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ دینے کا وعدہ کیا تھا وہ تو پورا نہیں کیا بلکہ تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی کیلیے احتجاج کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرادیے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ واسا ملازمین اور پنشنرز گیارہ ماہ کی تنخواہو ں اور پنشن سے محروم ہونے کے باعث فاقہ کشی کا شکار ہیں اور احتجاج کرنے پر ان کیخلاف کیس درج کیے جارہے ہیں اگر تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہ کی گئی اور احتجاج کرنے والے ملازمین کیخلاف درج مقدمات واپس نہ لیے گئے تو پورے شہر کا نکاسی و فراہمی آب کا نظام بند کردیں گے علاوہ ازیں پیر کو بھی احتجاجی طور پر ہالاناکہ فلٹر پلانٹ اور حسین آباد پمپنگ اسٹیشن پونے سات نمبر پمپنگ اسٹیشن یونٹ نمبر9پمپنگ اسٹیشن اور قاسم آباد پی ایس ون پمپنگ اسٹیشن دو گھنٹے کیلیے احتجاجاً بند کیے گئے جس کے باعث بعض علاقوں میں گندا پانی جمع ہوگیا جس سے لوگوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔