سائٹ ایریا میں گرین بیلٹ جلد تعمیر کیا جائے گا،عباس بلوچ

469

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے سائٹ انڈسٹریل زون کی تاجر برادری کو کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے تعاون سے سائٹ ایریا میں گرین بیلٹ تعمیر کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفترحیدرآباد میں سائٹ ایریا حیدرآباد انڈسٹریل زون کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈی جی ایچ ڈی اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو، میونسپل کمشنر ایچ ایم سی، اسٹیٹ انجینئر سائٹ ایریا حیدرآباد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے سرپرست اعلیٰ حیدرآباد سائٹ مظہرالحق چودھری کو ہدایت کی کہ سائٹ ایریا کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال کرنے اور دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سائٹ ایریاز میں فوری طور پر گرین بیلٹ تعمیر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائٹ ایریا کی سرکاری اراضی پر کسی قسم کی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ سائٹ ایریا کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور علاقے میں نئے پبلک پارکس کی تعمیر کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کا ٹیکنیکل کالج گزشتہ کئی سالوں سے غیر فعال ہے اس کے لیے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی درخواست پر سائیٹ ایسوسی ایشن اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مابین کالج کو فعال بنانے کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ وہاں کہ نوجوان اس ادارے سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے سرپرست اعلیٰ حیدرآباد سائٹ مظہرالحق چودھری سے کہا کہ وہ سائٹ ایریا کی بہتری اور سائٹ ایریا کے مسائل کو ایک ہفتے میں حل کرنے کی تجویز لے کر آئیں تاکہ وہاں کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکے۔ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے سائٹ ایریا کے مقام پر کڈنی سنٹر بنانے کی مظہرالحق چودھری کی تجویز کو سراہا۔ کمشنر حیدرآباد نے سائٹ ایریا حیدرآباد انڈسٹریل زون کی بزنس کمیونٹی کو یقین دلایا کہ سائٹ ایریا کی کھوئی ہوئی رونقوں کی بحالی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ہر طرح کا تعاون اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ سائٹ ایریا کے مسائل کے حل کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے۔