نوابشاہ ،شہر میں قائم بھینسوں کے باڑوں کیخلاف کارروائی کی جائے

347

نوابشاہ(سٹی رپورٹر)بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کیے جائیں ضلعی انتظامیہ غیر قانونی باڑوں کے خلاف فوری کارروائی کرے ۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں قائم بھینسوں کے باڑروں کے باعث شہر کا نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ بھینسوں کے باڑروں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں بھینسوں کے باڑروں کے باعث شہر کے ڈرینج کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے جس کی وجہ سے گلی محلوں کی سڑکیں گندے پانی کی جھیلوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے افسوسناک امر یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ان بھینسوں کے باڑروں کو شہر سے باہر منتقل کیا جا سکے اور نہ ہی منتخب نمائندوں کی جانب سے شہر کو کوئی ایسا پروجیکٹ فراہم کیا گیا ہے اگر مناسب حکمت عملی اپنانی جائے تو شہر کے نکاسی آب کے منصوبے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اگر اس پر غور کرے تو شہر میں جا بجا بننے والے بھینسوں کے باڑروں کو روکا جا سکتا ہے تکلیف دے امر یہ ہے کہ ان باڑوں کی وجہ سے مقامی آبادیوں میں مختلف نوعیت کے موذی امراضِ میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہری ایک طرف تو ان باڑوں سے تنگ ہیں تو دوسری جانب ان کی وجہ سے مہنگے داموں پر علاج کروانے پر مجبور نظر آتے ہیں ۔محکمہ صحت نے بھی اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ ہر بڑے شہر میں کیٹل کالونیاں تشکیل دی جانی چاہیے کیونکہ بھینسوں میں موجود جلدی امراض فوری طور پر انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔