ثاقب نثار نے انصاف کا قتل کیا، مریم نواز

141

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما اور نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جسٹس ثاقب نثار نے انصاف کا قتل کیا، ان کی لیک آڈیو گناہوں کا اعتراف ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سازشوں کے خلاف قدرت کا نظام حرکت میں آچکا ہے، ثاقب نثار کو سچ قوم کو بتانا پڑے گا، لیک آڈیو ان کیخلاف چارج شیٹ ہے، پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا، کہ وہ کون تھا جسے آپ چیف جسٹس ہوتے ہوئے بھی اس کے غیرقانونی کام ماننے پر مجبور ہوئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت صدیقی کی تھی انہوں نے سنگین الزام لگائے اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی ان کے گھر آئے اور نواز شریف کو سزاد ینے کا کہا، تین سال میں جنرل فیض نے کبھی اس بات کی تردید نہیں کی، جج ارشد ملک کو بھی سچ بولنے کے جرم میں نکال دیا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا ثاقب نثار بتائیں کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مجھے سزا دیں، ثاقب نثار بتائیں آپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف اور ن لیگ کے حق میں پانچویں گواہی ہے، عمران خان کوکہا گیا کہ نواز شریف کے خلاف درخواست ہمارے پاس لائیں، پاناما میں 450 افراد کے نام آئے،کسی کوکچھ نہیں کہا گیا جس کا نام نہیں آیا اس کو سزا دی گئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیراعظم کو آفس سے باہر نکالا گیا۔