عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے،صدر مملکت

196

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر استوار ہیں ، پاکستان میں زراعت، خوراک، لائیو اسٹاک، ماہی گیری اور سرجیکل آلات کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت ہے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مقام ہے ،۔پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔بحرین کی کاروباری برادری پاکستان میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ دونوں برادر ممالک اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں ، صدر مملکت نے ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بھی روشنی ڈالی ۔

 انہوں نے کہا عالمی برادری سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔صدر مملکت نے پاکستان میں نرسنگ یونیورسٹی کے قیام پر بحرین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔