یو اے ای کے صدارتی محل میں پہلی بار اسرائیل کا جھنڈا لہرا دیا گیا

235

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات ( یو اے ای)  کی تاریخ میں پہلی بار صدارتی محل میں اسرائیل کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تعینات اسرائیل کے پہلے سفیر عامر ہائیک کی آ مد پر صدارتی محل میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں صدارتی گارڈز نے اسرائیلی سفیر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا،اس موقع پر صدارتی محل میں اسرائیل کے قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی اور امارات کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کا جھنڈا لہرایا گیا۔

 اس تقریب میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح کے حکام بھی موجود تھے، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ  سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں ان کے مشیر اور داماد کی ثالثی کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت 5 ممالک نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے۔