رائے ونڈ میں نشہ آور ٹیکہ جات کی فروخت میں اضافہ

181

 رائے ونڈ میں نشہ آور ٹیکہ جات کی فروخت میں اضافہ نوجوان نسل تیزی سے نشے کی لعنت میں مبتلا ہو نے لگی ،مقامی قبرستان نشیئوں کا مسکن بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں ان دنوں نشہ آور ٹیکوں کی فروخت میں اضافہ ہونے سے نوجوان نسل تیزی سے نشے کی لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے نوجوان نسل سکولز اور کالجز میں جانے کی بجائے مقامی قبرستانوں میں دیکھے جارہے ہیں جہاں وہ ویرانی کا فائدہ اٹھا کر خود کو نشہ آور ٹیکے لگا رہے ہیں ۔ایک رپورٹ کے مطابق نوجوان نسل کی منفی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے کھیل کے میدان ویران ہونے سے شہر کے نوجوانوں نے اپنی مصروفیات فضولیات اور نشے میں صرف کررکھی ہیں ۔رپورٹ میں بتایاگیا کہ رائے ونڈ میں ٹیکہ مافیا سرگرم ہوگیا ہے جو چند ٹکوں کی خاطر نوجوان نسل کا خانہ خراب کررہا ہے ۔شہر میں نشہ آور ٹیکوں کی فروخت کی شکایات عام ہونے کے باجود متعلقہ ادارے بھاری رقوم لیکر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ۔شہر کے پوش علاقوں میں آئس ،ٹیکے ،چرس سمیت دیگر منشیات کی فروخت دیدہ دلیری سے جاری ہے جس میں چند پولیس کی کالی بھیڑیں ملوث ہیں جو منشیات فروشوں کو کارروائی سے قبل آگاہی کرکے حق نمک ادا کرتے ہیں ۔