نسلہ ٹاور معاملہ ،چھتوں کو نہیں بچا سکتے تو اسمبلی میں رہنے کا حق نہیں،سعید غنی

216

سندھ کے وزیر اطلاعات سعیدغنی نے کہاہے کہ ہم لوگوں کی چھتوں کو نہیں بچا سکتے تو ہمیں اسمبلی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔منگل کو سندھ اسمبلی اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک طرف کہتی ہے نسلہ ٹاور نہیں گرنا چاہیئے، دوسری طرف یہ قرارداد کی مخالفت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی پی کی مخالفت میں یہ قرارداد کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ اپوزیشن رہنمائوں کے ذہن میں کنفیوژن تھا۔ چائنہ کٹنگ اور قبضے کی ابتدا تو ایم کیوایم دور میں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کے پیسے لیکر انہیں آباد کیا گیا اور مستقبل برباد کیا گیا۔ بہت سی آبادیاں ہیں قانون بنا کر ریگولرائز کیا کیا جاسکتا ہے۔اس سے قبل سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم ایم کیو ایم اور مصطفی کمال کی سزا غریبوں کو کیوں دیں؟ سزا ان کو ملنی چاہیے جنہوں نے قبضے کیے ہیں۔ نعمت اللہ خان کی پٹیشن میں سارے قبضوں کا ذکر ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ سیاسی ایشو نہیں ہے۔ یہ ہوسکتا ہے آپ ٹینک لے آئیں لوگوں کو گولی مار دیں۔ چھت کو بچانا سب کی ذمہ داری ہے۔ اس قرارداد میں ڈال دیں کہ ان افسران کے ساتھ ساتھ ان سیاسی لوگوں کو بھی سزا دیں۔سعید غنی  نے کہاکہ ہمیں لاکھوں لوگوں کے گھر مسمار کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ ہم لوگوں کی چھتوں کو نہیں بچا سکتے تو ہمیں اسمبلی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ یہ اختیار تو میرے پاس ہے میں استعفی دے دوں۔ یہ اختیار کوئی مجھ سے نہیں چھین سکتا ہے۔