ملک میں 28 ہزار سے زائد افراد کی جنس کی تبدیلی کا انکشاف

644

اسلام آباد: ملک میں 28 ہزار سے زائد افراد کی جنس کی تبدیلی کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات و جوابات کے دوران جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیرسینیٹر مشتاق احمد نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 28 ہزار 723 افراد نے جنس تبدیل کی ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد نے مخنث افراد (تحفظ حقوق)ایکٹ 2018 میں مزید ترمیم کا بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا قانون کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا یہ ہمارا قانون نہیں گزشتہ حکومت کا ہے، ہم مخالفت کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا اس بل کو کمیٹی میں بحث کے لیے بھیج سکتے ہیں، بل منظور نہیں ہو رہا، صرف کمیٹی میں بات کی جائے گی۔

 چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے کہا بل کمیٹی میں جائے گا، وہاں بات کر لیں پھر ایوان میں لائیں۔

ایوان میں اینٹی ریپ تحقیقات اور مقدمہ بل 2021 بھی پیش کیا گیا، سینیٹر علی ظفر کے پیش کیے گئے بل کی اپوزیشن نے مخالفت کر دی۔

علی ظفر نے کہا ہمارے قوانین سارے ناکام ہو چکے، جنسی زیادتی کے واقعات کیوں ہوتے ہیں، اب ہمارا یہ قانون خواتین کو تحفظ دینے میں کافی حد تک کامیاب ہوگا، میری درخواست ہے کہ اس بل کو آج ہی منظور کر لیا جائے۔