احساس راشن رعایت پورٹل رجسٹریشن کیلئے کھول دیاگیا

304

 پی ٹی آئی کے رہنما، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا ہے کہ حکومت کم آمدنی والے افراد کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، اس ضمن میں جہاں حکومت پنجاب پرائس کنٹرول میکنزم پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے وہیں وزیراعظم عمران خان کے متعارف کردہ احساس راشن پروگرام پر عملدرآمد بھی شروع ہوگیا ہے جس کے تحت احساس راشن رعایت پورٹل رجسٹریشن کیلئے کھول دیاگیا ہے،کم آمدنی والے گھرانے درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کراسکتے ہیں جس کے ذریعے کم آمدنی والے لوگ رجسٹریشن کرائیں گے اور منتخب ہونے کے بعد اس پروگرام سے استفادہ کریں گے، درخواستیں جمع کروانے کیلئے مکمل طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے باقاعدہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آن لائن سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت دی جانے والی سبسڈی کی رقم میں عام لوگوں کی قوت خرید پر مہنگائی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے ون ونڈو مراکزکے قیام پر بھی غورکیا جارہاہے جبکہ اس پروگرام کو بڑے پیمانے پر شفاف طریقے سے چلانے کیلئے سبسڈی کی رقم اور اشیا کی مقدارکو ایک ہی پالیسی فیصلے کے ذریعے بڑھایاجائے گانیزاس پروگرام کے تحت خریداروں کے ساتھ کریانہ سٹورزکے تاجروں کو بڑے پیمانے پر متحرک اور رجسٹرکیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے یہ نظام بہت کم عرصے میں تیارکیاگیاہے جس کے تحت 31ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے افراد مقررہ کریانہ یا یوٹیلیٹی سٹورز سے سبسڈی نرخوں پر آٹا، دالیں اور کھانے پکانے کا تیل یا گھی خریدنے کے اہل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جن خریداروں کے پاس اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے ساتھ موبائل نمبر رجسٹرڈ ہوں گے وہ رعایتی نرخوں پر اشیا خورونوش خرید اور ڈیجیٹل رسید حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس احساس راشن پروگرام کے تحت ملک بھر میں 2کروڑکے قریب خاندانوں سمیت مجموعی طور پر 13کروڑ افراد فائدہ اٹھائیں گے جن میں کفالت پروگرام کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ افراد اور ایک ہزار روپے ماہانہ کی سبسڈی حاصل کرنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تقریبا ًچھ ماہ میں 70لاکھ افراد کو 120ارب روپے فراہم کئے جائیں گے جبکہ تخمینہ کے مطابق ملک میں 10لاکھ کریانہ سٹور ہیں اور اگر ان کریانہ والوں کے پاس بینک اکاؤنٹ ہوں گے تو وہ اس پروگرام کے ساتھ رجسٹرہونے کے قابل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ان تاجروں کو سبسڈی کی رقم پر منافع دینے کے ذریعے سے ان کی حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خدمات فراہم کرسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت صارفین پر منحصر ہوگا کہ وہ کون سی اشیا خریدیں گے لیکن30فیصد سبسڈی کی رقم ہر صورت لاگو کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ احساس راشن رعایت پورٹل www.ehsaasrashan.pass.gov.pkہے تاہم فی گھرانہ ایک ہی درخواست جمع کروانے کا اہل ہے اور ہر گھرانہ اندراج کیلئے گھر کے ایک فردکا انتخاب کرے گالیکن پورٹل کے درخواست گزار گھرانے کیلئے لازم ہے کہ وہ موبائل سم گھرانے کے اسی فرد کے نام پر رجسٹر ہو اور اہل ہونے کے بعد صرف رجسٹرڈفردہی راشن رعایت قیمت پر حاصل کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے چار ہفتوں کے اندر گھرانوں کو ان کی اہلیت کے پیغامات 8171سے بھجوادیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے خصوصی پیکیج شامل کیاگیا ہے اور فروخت پربھی پر کشش کمیشن بھی دیا جائے گاجبکہ ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو کارکردگی کی بنیاد پر خصوصی انعامات گاڑیاں، موٹرسائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات بھی قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے یہ ریلیف پیکیج انتہائی موثر ثابت ہوگااوراس پروگرامکے ذریعے کم آمدنی والے افراد بھی خوشحال زندگی بسر کریں گے۔