وزیر اعظم کو عام آدمی کے مسائل کا احساس ہے، مشیر خزانہ

221

کراچی: مشیر خزانہ شوکت ترین  کا کہنا ہے کہ دنیامیں جتنی قیمتیں بڑھیں ہمارے ہاں اتنی نہیں بڑھیں، وزیر اعظم  کو عام آدمی کے مسائل کا احساس ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمت میں 47 ڈالر اضافہ ہوا ہے، ساری درآمدی اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں،  دنیامیں جتنی قیمتیں بڑھی ہیں ہمارے ہاں اتنی نہیں بڑھیں،  امریکہ سمیت دیگر ملکوں میں بھی مہنگائی پر لے دے ہو رہی ہے۔

انہوں نے  کہا ہے کہ عمران خان کوعام آدمی کے مسائل کا احساس ہے،اس وقت ہماری ترجیح کم آمدنی والوں کے مسائل حل کرنا ہے، لوگوں کی قوت خرید آہستہ آہستہ بڑھے گی۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ڈالر نہیں تھے تو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ آئی ایم ایف کا پروگرام سخت ہوتا ہے۔جب حکومت سنبھالی تو معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہماری معیشت منفی میں چلی گئی، کوویڈ کو جس طرح وزیراعظم نے  ہینڈل کیا  اسکی پوری دنیانے تعریف کی، بچت نہ ہونےکی وجہ سے پائیدار ترقی نہیں کرپاتے، پائیدار ترقی نہ ہونےکی ایک اور وجہ درآمدات اور برآمدات میں فرق ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت نے زراعت پر توجہ دی۔ زراعت پر اس بار بہت پیسے لگا رہےہیں، زرعی ترقی  کے لیے  انقلابی اقدامات اٹھائے گئے،  ہماری فصلوں کی پیدوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس میں32فیصداضافہ ہوا۔ٹیکس دہندگان میں اضافہ ہمارا ہدف ہے۔کوشش ہے کہ آئی ٹی کی برآمدات آئندہ سال 75فیصد تک ترقی کرے۔

اسی طرح ہم گروتھ کرتے رہے تو 5سال میں20فیصد  پرچلےجائیں گے، ہمیں کم از کم 20 سے 30 سال کے لیے ترقی چاہیے، بعض ممالک نے30سال میں 10فیصد سے ترقی کی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ  کامیاب پاکستان پروگرام سے ملک کی قسمت بدل جائے گی، 40 لاکھ گھرانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے کررہے ہیں،معاشی ترقی کی شرح5فیصد سے زیادہ ہونے کی توقع ہے، ہمیں ہر سال 15 سے 20فیصد نوکریوں کی ضرورت ہے۔