نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث اسکول بند، تعمیراتی کام پر پابندی عائد

698

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے ہیں  جبکہ چار  دن کے لیے کھلی جگہوں پر دھول  اڑانے  اور تعمیراتی کام  کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

نئی دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے  اعلان کیا ہے کہ سوموار سے اسکول ایک ہفتے کے لیے بند رہیں اور اسکولوں کی کلاسیں  ورچوئل ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ اسکول اس لیے بند کیے جا رہے ہیں کہ بچوں کو آلودہ ہوا میں سانس نہ لینا پڑے۔

اسکول بند کرنے کا فیصلہ نئی دلی میں فضائی آلودگی کے خطرناک حد  تک بڑھ جانے کے باعث کیا گیا ہے۔ بھارت کے مرکزی آلودگی کنٹرول ادارے کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس کے 500 کے پیمانے میں آلودگی  437 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

نئی دلی حکومت نے آلودگی کے باعث ایمرجنسی اقدامات کرتے ہوئے چار  دن کے لیے کھلی جگہوں پر  دھول  اڑانے  اور تعمیراتی کام  کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کے لیے پابند کیا گیا ہے جبکہ نجی اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ملازمین کے لیے گھروں سے آن لائن کام کرنے کی پالیسی اپنائیں۔

یاد رہے کہ جمعہ کو نئی دہلی  آلودگی کے شدید خطرناک زون میں تھا جس  پر سپریم کورٹ نے  وفاقی اور ریاستی حکومت کو ایمر جنسی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اور دو دن کا لاک ڈاون لگانے کی بھی تجویز دی تھی۔

واضح رہے کہ نئی دلی دنیا بھر میں سب سے زیادہ آلودہ دارالحکومت مانا جاتا ہے۔ جبکہ دنیا کے 30آلودہ ترین شہروں میں سے 22 بھارت میں ہیں۔

نئی دلی میں فیکٹریوں اور گاڑیوں کے دھویں، تعمیراتی کام کی دھول، پٹاخے جلانے اورفصلوں کی باقیات کو جلانے سے ہر سال موسم سرما کے آغاز میں تقریباً دو کروڑ افراد کو شدید سموگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔