داعش تنظیم کے خاتمے تک شام میں فوجی مشن جاری رکھیں گے، امریکا

91

امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ شام میں داعش تنظیم کے خطرے پر قابو پانے تک امریکی فوج کا عسکری مشن جاری رہے گا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ٹویٹر پر جاری بیان میں وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عسکری مشن جاری رکھنے کا سبب یہ ہے کہ شام میں داعش جیسی دہشت گرد جماعتیں امریکی قومی سلامتی اور شام کے عوام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔شام کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ڈیوڈ برانشٹائن نے اپوزیشن کی ”کرد نیشنل کونسل“کی قیادت کے ساتھ اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ امریکی فوج تین وجوہات کی بنا پر شمال مشرقی شام میں اپنی عسکری موجودگی برقرار رکھے گی۔

یہ تین وجوہات داعش تنظیم کی واپسی کو روکنا ، خطے کے استحکام کو یقینی بنانا اور سیاسی عمل کی حمایت کرنا ہے۔برانشٹائن اور کرد کونسل کے بیچ ہونے والے ورچوئل اجلاس میں جانبین نے امریکی فوج کی موجودگی، سیاسی عمل اور کرد سیاسی جماعتوں کے بیچ بات چیت کے احیا کے واسطے امریکی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات چیت گذشتہ سال کے اختتام سے رکاوٹ کا شکار ہے۔