پاک آسٹریلیا میچ میتھیو ہیڈن کیلیے دل اوردماغ کی جنگ بن گیا

429

پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میتھیو ہیڈن کیلیے دل اور دماغ کی جنگ بن گیا۔ورچوئل پریس کانفرنس میں میتھیو ہیڈن نے کہاکہ میں طویل عرصے تک آسٹریلوی کرکٹ کا حصہ رہا، اس ملک کی اپنی تاریخ ہے، کئی نامور کرکٹرز اور فتوحات کینگروز کیلیے باعث فخر ہیں، دوسری جانب اس وقت مجھے پاکستان ٹیم کے ساتھ وابستگی کا افتخار حاصل ہے،سیمی فائنل دونوں ٹیموں کے لیے ایک بہت بڑا موقع مگر میرے لیے غیر معمولی صورتحال بھی ہے، میرے دل اور دماغ کی جنگ ہوگی۔کیریئر کے دوران اوپننگ پارٹنر جسٹن لینگر کے حریف آسٹریلوی ٹیم کا کوچ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے حریف کیمپ میں موجودگی ہم دونوں کو ہی ایک غیر معمولی کیفیت سے دوچار کرے گی، بہرحال کرکٹ کی وجہ سے کئی غیر ملکی کرکٹرز دوسرے ملکوں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں جو کھیل کے مفاد میں بھی ہے۔