رضوان اور شعیب ملک کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن

189

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راونڈر شعیب ملک صحت میں بہتری محسوس کر رہے ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔مینیجر منصور رانا نے بتایا دونوں کھلاڑی بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، میڈیکل پینل دوپہر (یو اے ای ٹائم) میں دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا، معائنے کے بعد پی سی بی میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر دے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلو اور معمولی بخار کی وجہ سے دونوں نے گزشتہ روز پریکٹس میں حصہ نہیں لیا تھا، تاہم دونوں کھلاڑی سیمی فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیم کے دو قابل اعتماد بیٹسمین شعیب ملک اور محمد رضوان فلو میں مبتلا ہوگئے تھے، انہیں معمولی بخار بھی تھا تاہم ان کی کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ کلیئر آئی، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔