سرینگر میں قابض حکام کے خلاف خصوصی افراد کا احتجاجی مظاہرہ

448

غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںجموں و کشمیرہینڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلے خصوصی افراد نے سرینگر میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خصوصی افراد کی ایک بڑی تعداد سرینگر میں پریس کلب کے باہر جمع ہوئی اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کو حل نہ کرنے پر قابض حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔انہوں نے کہاکہ تمام ریاستیں معذور افراد کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تعمیری اسکیمیں فراہم کررہی ہیںلیکن جموں و کشمیر کی حکومت یہاں ایسے لوگوں کو امداد اور فلاحی اسکیمیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے خصوصی افراد کے لیے پنشن، محکمہ سماجی بہبود کے ذریعے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تعمیری اسکیمیں متعارف کرانے، معذوری ایکٹ 2016 کے تحت پہلے سے تشکیل شدہ ماہرین کی کمیٹی اور ایڈوائزری بورڈ میں معذورافرا کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہ کیا گیا تو ہم 3 دسمبر خصوصی افراد کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے اور جموں اور سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور معذور افراد کے لیے اسکیموں کو بلا تاخیر نافذ کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے ایک اور رکن اجے شرما نے کہا کہ حکام خصوصی افراد کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اور ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔