دھوکہ دہی سے عوام ہوشیار رہیں، نیب

244
ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے نیب کی اپیل

قومی احتساب بیورو(نیب) کی آگاہی اور تدارک کی فعال حکمت عملی سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق نیب کراچی نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ کچھ بدنام زمانہ افراد چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کراچی اور ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے ہائی پروفائل افسران/افراد سے رابطہ کر رہے ہیں اور عدم تعمیل کی صورت میں فوری گرفتاری کی دھمکیاں دے کر رقم بٹور رہے ہیں۔ اس سلسلے میں نیب کراچی نے ملزم خالد حسین ولد محمد عرس سولنگی جن کا شناختی کارڈ نمبر42401-2581024-7ہے اور اس کے ساتھی ملزم عامر حسین، شعیب چانڈیو، محمد سہیل، ثاقب اشرف اور دیگر کیخلاف معاملہ کا نوٹس لیا ہے۔نیب کراچی نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مذکورہ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے اور یہ مقدمہ احتساب عدالت کراچی میں زیر سماعت ہے۔کیس میں ملوث رقم91.1ملین روپے ہے۔ اس کیس میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم محمد سہیل نامی ایک شخص نے نیب کے ساتھ پلی بارگین کر کے 9.4ملین روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی ہے۔ کیس کی مزید تفتیش بھی مکمل کر لی گئی ہے اور ضمنی ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔نیب کراچی کے مطابق ملزم خالد حسین اس اسکینڈل کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وہ خود کونیب کے چیئرمین اور نیب کے ڈائریکٹر جنرل (ز)کے طور پر ظاہر کر کے تاجراور سینئر سرکاری افسران سے دھوکہ کررہا ہے۔ وہ نیب کی ممکنہ کارروائیوں کے بارے میں غلط بیانات دیتا ہے اور رقم کے عوض سمجھوتہ اور تعاون کی پیشکش کرتا ہے۔ وہ اپنے واٹس ایپ نمبرز 0330-3439371، 0331-2906389، 0300-8277926، 0332-7509828، 0330-2893608، اور 0304-2493608 کے ذریعے دھمکی آمیز کالز کرتا ہے اور اگر کوئی اس کے پیشکش سے انکار کرتا ہے تو وہ اس کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا خوف دلاتا ہے۔نیب کراچی نے اس ضمن میں پہلے ہی چیف سیکرٹری حکومت سندھ کو ایک خط کے ذریعے ہدایات دے دیں ہیں کہ وہ اپنے ماتحت تمام افسران اور حکومت کے محکموں کو اس معلومات سے آگاہ کریں اور مذکورہ ملزمان سے چوکس رہیں جو خود کو چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کراچی اور ڈی جی نیب سکھر ظاہر کرتے ہیں۔ ڈی جی نیب کراچی ڈاکٹر نجف قلی مرزا نے کہا کہ نیب کا کوئی بھی افسر یا رکن کو پاکستان کے کسی شہری کو غیر ضروری فون کال کرنے کی اجازت یا مجاز نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذکورہ نمبرز سے آنے والی کسی بھی کال یا اسی نوعیت کی کسی بھی کال کو جعلی سمجھا جائے اور اس کی اطلاع فوری طور پر نیب کراچی کے انٹیلی جنس ونگ کو فون نمبر02199207951، 03337561001 پر دی جائے۔ڈی جی نیب کراچی نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ عوامی آگاہی اور شرکت یقینی طور پر ملک سے بدعنوانی اور بدعنوان عناصر کی لعنت میں کمی لائے گی۔