ڈسکہ الیکشن تحقیقاتی رپورٹ، نون لیگ کا الیکشن کمیشن سے وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے خلاف کارروائی

187

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈسکہ الیکشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کو خلاف الیکشن قوانین کے مطابق سزا ملنی چاہئیے، ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ اِس بات کا ثبوت ہے کہ دھاندلی کی پیداوار عمران صاحب نے ڈسکہ الیکشن چوری کیا الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر فی الفور عمل درآمد کیا جائے اور تمام ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے، ثابت ہوگیا کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی کی دھند پھیلانے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں ، ووٹ کے تھیلے چوری کرنے اور عملے کے اغوا کے ذمہ دار عمران صاحب اور وزیر اعلی پنجاب ہیں الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ ادھوری ہے، اصل ذمہ داران سے صرف نظر کیوں کیا جارہا ہے؟ واضح ہوگیا کہ عمران صاحب کی ایما پر وزیراعلی پنجاب، وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی رہنماﺅں نے منظم انداز سے دھاندلی کے جرم کا ارتکاب کیا،ڈسکہ رپورٹ کی روشنی میں ماتحت عملے کے خلاف کاروائی پورا انصاف نہیں ہے ،عمران صاحب اور وزیر اعلی پنجاب سمیت وفاقی اور صوبائی ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور سزائیں دی جائیں،غیر قانونی حکم ماننے والوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ جنہوں نے یہ غیر قانونی حکم دیا، ان کے خلاف بھی کارروائی کرنے سے ہی انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔