سندھ حکومت نے وزیراعظم کے خطاب کو مایوس کن قرار دے دیا

269

سندھ حکومت نے وزیراعظم کے خطاب کو مایوس کن قرار دے دیاہے ۔اس ضمن میں صوبائی وزیرجامعات،بورڈز اور ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اعلان کردہ جعلی سبسڈی پیکیج میں سندھ اور بلوچستان شامل ہی نہیں ہیں۔وزیراعظم کا قوم کو خطاب مایوس کن تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ اب عوام ان کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں، اب کوئی ریلیف پیکیج کا لولی پوپ نہیں چلے گا۔ عمران خان کی تقریر ریلیف پیکیج نہیں بلکہ مزید مہنگائی کا پیغام تھی۔تقریر میں پیٹرول مہنگا کرنے کے اعلان کے سوا کچھ بھی نیا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا گھی، آٹے اور دال پر تیس فیصد سبسڈی دینے کا اعلان عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔عمران خان نے یہ نہیں بتایا کہ دال،گھی اورآٹا عوام تیس فیصد سستی کس دکان سے خریدیں گے؟،وزیراعظم نے ریلیف پیکیج دینے کا اعلان تو کیا مگر یہ نہیں بتایا کہ وہ قوم کو ملے گا کب؟.اسماعیل راہو نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ چینی مہنگی پشاور کی عوام کو مل رہی ہے, پشاور میں چینی 145 روپےفی کلو فروخت ہورہی ہے اور سندھ میں 110 روپے, عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جیالوں کے احتجاج پر گھبرا کر قوم سے خطاب کیا۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ عمران خان کا قوم سے خطاب مہنگائی کم کرنے کیلیے نہیں بلکہ بڑھانے کے لیے تھا, موجودہ حکومت میں چھوٹے کاشتکار پریشان اور لاکھوں نوجوان بیروزگار ہوچکے ہیں۔سلیکٹڈ کی حکومت میں ہر ہفتے مہنگائی پیکیج تو آتا ہے لیکن ریلیف پیکیج تین سال کے بعد وہ بھی جھوٹاپیش کیا ہے ۔