محمد شہزاد: ویرات کوہلی سے زیادہ لمبے چھکے لگا سکتا ہوں

285

افغان ٹیم کے وکٹ کیپر اور اوپنر بلے باز محمد شہزاد نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ویرات کوہلی سے زیادہ لمبے چھکے لگا سکتے ہیں.

افغانستان کے 90 کلو گرام سے زائد وزن رکھنے والے افغانی وکٹ کیپر محمد شہزاد کا کہنا ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی طرح  ڈائٹنگ کیوں کروں جبکہ میں ان سے زیادہ لمبے شارٹ مار کرسکتا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شہزاد نے کہا کہ ہم اپنی فٹنس بھی نارمل طریقے سے کرتے ہیں اور کھاتے بھی پیٹ بھر کر ہیں حقیقت ہے کہ میں اپنی فٹنس پر بہت توجہ دیتا ہوں لیکن کھانے پر سمجھوتہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں ویرات کوہلی کی طرح اپنی فٹنس روٹین رکھوں، یہ ممکن نہیں ہے، لیکن میں اپنا وزن کم کرنے پر ضرور کام کر رہا ہوں۔

پاکستان میں پناہ گزین کیمپ میں کھیلنے والے اور افغانستان کے شہر جلال آباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی محمد شہزاد نے کہا کہ یہ بھی سچ ہے کہ ہر کوئی کوہلی جیسا نہیں ہو سکتا، جتنا لمبا چھکا وہ (کوہلی) مارتے ہیں، میں ان سے زیادہ مار سکتا ہوں۔ افغان ٹیم کے وکٹ کیپر محمد شہزاد کہتے ہیں کہ میں نے کافی وقت بھارت میں بھی گزارا ہے، ایم ایس دھونی میرے بہت قریبی دوستوں میں سے ہیں اس کے علاوہ سریش رائنا اور شیکھر دھون کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں۔