ریتی بجری کے غیر قانونی ٹیلوں کو فوری بند کرایا جائے،عباس بلوچ

162

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر))ریتی بجری اور پتھر اٹھانے والی گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے ٹھٹھہ جامشورو اور میر پورخاص روڈ کے مختلف مقامات پر غیر قانونی وصولیوں/بھتوں کے خلاف کی گئی ہڑتال کو ختم کرانے کیلیے ڈویژنل کمشنر حیدر آبادمحمد عباس بلوچ نے آج شہباز ہال حیدرآباد میں آل سندھ ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن آف رائٹس کے عہدیداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران سے اجلاس کیا ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد رینج شرجیل کھرل ، جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی سندھ ساؤتھ کراچی شبیر احمد شیخ ، ایڈیشنل کمشنر ون سید سجاد حیدر ،ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈی سی جامشورو ، اے ڈی سی ٹھٹھہ ، تینوں اضلاع کے ایس ایس پیز ، ڈاک جی کمپنی کے افسران ، موٹر وے کے افسران کے علاوہ آل سندھ ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن آف رائٹس کے صدر مہراب خان کھوسو ، جنرل سیکرٹری اصغر کھوسو سمیت دیگر عہدیداران و افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی ریتی بجری کے ٹیلوں کو فوری طور پر بند کرایا جائیگا اور مقامی لوگوں کی جانب سے ٹرکوں سے رائلیٹی کی مد میں بھتا خوری کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے جامشورو اور ٹھٹھہ کے ڈی سیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ جامشورو ،کوٹری اورلونی کوٹ کے اطراف میں غیر قانونی ریتی بجری کے ٹیلوں کو بند کرایا جائے اور وہاں پر پولیس کی نفری لگائی جائے تاکہ ٹرکوں سے کوئی بھی غیر قانونی بھتا خوری نہیں کر سکے تاہم ٹرکوں کے مالکان کو سرکار کی جانب سے رائلٹی کی مد میں مقررکردہ رقم ادا کرنی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ہر مسئلے کا حل بات چیت ہے اور آج کے اجلاس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو سرکار کی جانب سے مقرر کردہ ٹیکس کے نوٹیفکیشن کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اوور لوڈنگ سے اجتناب برتنا ہوگا تاہم وہ نوٹیفکیشن کے حساب سے زائد وصولی کے خلاف متعلقہ حکام کوفوری شکایت کریں تاکہ انکی شکایت کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ہمارے معاشرے کی ایک اہم بزنس کمیونٹی ہے لہٰذہ انہیں ہر طرح سے سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ ڈویزنل کمشنر نے این ایچ اے اتھارٹی اور ڈاک جی کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سرکار کے مقررکردہ ٹول ٹیکس سے زائد ہرگز وصول نہ کریں جبکہ اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کاروائی کریں ۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ لوڈیڈ گاڑیوں کا وزن کریں اورمقررکردہ وزن کے حساب سے ان سے وصولی کی جائے ۔ انہوں نے موٹر وے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور جن گاڑیوں سے بجری ، ریتی یا اور ملبہ روڈز پر گر رہا ہے ایسی گاڑیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹہ کو ہدایت کی کہ لونی کوٹ کے پاس گاڑیوں سے غیر قانونی ٹول ٹیکس کی وصولی فوری طور پر ختم کرائی جائے اورسرکار کی جانب سے مقرر کردہ ٹیکس وصولی کو یقینی بنائیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل نے کہا کہ آج کے اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میںلینے کی اجاز ت نہیں دی جائیگی۔اجلاس میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے آ ل سندھ ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن آف رائیٹس کے وفد کو کہا کہ اگر انہیں کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ متعلقہ ڈی سی یا ایس پی سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ اجلاس میں کمشنر حیدرآباد کی جانب سے مسئلے کے حل کی یقین دہانی پر آ ل سندھ ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن آف رائیٹس کے صدر مہراب خان کھوسو اور جنرل سیکریٹری اصغر خان کھوسو اور دیگر عہدیداروں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔