“جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان سے ہی حصہ لے گی”

577

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں،معاشرے کے بااثر افراد اورعوام سے رابطہ کریں انہیں جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک “کا حصہ بنائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حقوق کراچی تحریک وفاقی وصوبائی حکومتوں سے کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز و قانونی حقو ق کے حصول اور شہر کے گھمبیر مسائل کے حل کی تحریک ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں اپنے پرچم اور ترازو کے نشان سے ہی حصہ لے گی، حالیہ کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن نے ثابت کردیا کہ کارکنان کی محنت رنگ لارہی ہے ، مقامی سطح پر حسب ِضرورت ایڈجسٹمنٹ کا راستہ بھی کھلا رہے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ پبلک ایڈ کمیٹی کے مقررکردہ ذمہ داران آج سے ہی اپنے اپنے حلقوں میں دعوتی و عوامی سرگرمیوں اور مسائل کے حل کی کوششوں کو اورتیز کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ پبلک ایڈ کمیٹیوں کو مزید فعال بنائیں، کراچی نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے مسائلستان بن چکا ہے۔ان مسائل کو حل کرنے کی آپ نے کوشش کرنی ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان سید موددیؒ کی ہدایات کے مطابق مرجع خلائق بنیں۔