میرپور خاص ،میٹر یل مہنگا،ٹروکوں کی ہڑتال ،ترقیاتی کام شدید متاثر

355

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) تعمیراتی میٹریل کے مہنگا ہونے اور ریتی لانے والے ٹرکوں کی ہڑتال کے باعث میرپورخاص سمیت اندرون سندھ کے دیگر علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیاں بند ہوکر رہ گئیں، مستریوں اورمزدوروں سمیت محنت کشوں کے گھروں میں فاقے کی نوبت آگئی حکومت تعمیراتی میٹریل کو سستا کے فوری اقدامات کرے بصورت دیگر احتجاج کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں تعمیراتی میٹریل کی آسمان سے باتیں کرتی قیمت نے اس صنعت سے وابستہ افراد کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا رہی سہی کسر بجری کے ٹرک مالکان کی ہڑتال نے کر دی 700 سے زیادہ ٹرک مالکان نے جامشورو ٹول پلازہ کے قریب اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ 6 روز سے ہڑتال کر رکھی ہے جس کے باعث اندرون سندھ میں بجری کی عدم سپلائی سے تعمیراتی کام بند ہو گئے ہیں تعمیراتی کام بند ہونے سے مستریوں اور مزدوروں کا محنت کش طبقہ متاثر ہوا ہے اور ان کے گھروں میں فاقے کی نوبت آ گئی ہے جبکہ سیمنٹ کی بوری کی قیمت 830 تک پہنچ چکی ہے اور سریا بھی تاریخ کی بلند ترین سطح 180 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے ٹرانسپورٹروں نے کرش کے فی ٹرک کی قیمت میں بھی 5 ہزار کا اضافہ کرکے 30 ہزار فی ٹرک کر دی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تعمیراتی صنعت کو تباہی سے بچانے کے اقدامات کیے جائیں حکومت کے بروقت اقدامات سے تعمیراتی صنعت کاپہیہ چل سکے تاکہ محنت کشوں کو دو وقت کی روٹی میسر آسکے۔