ترقیاتی اسکیموں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے،عباس بلوچ

134

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآبادمحمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ ایم اینڈ آر کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام ان ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ حیدرآباد اور ڈسٹرکٹ ٹنڈو الہیار میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثنا اللہ رند ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹنڈو الہیار اختر علی شیخ ، سپرنٹنڈنگ انجینئر پروونشل سرکل حیدرآباد، سپرنٹنڈنگ انجینئر ورکس اینڈ سروسز ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور ٹنڈو الہیار کو ہدایت دی کہ وہ ایم اینڈ آر کی اسکیموں کی مؤثر نگرانی کیلیے ایک مانیٹرینگ کمیٹی تشکیل دیں جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے جس کی پیشرفت سے مجھے ہر ہفتہ آگاہ کیا جائے اور اس ضمن میں اپ ڈیٹ فوٹوز ارسال کیے جائیں اور ان اسکیموں میں حائل مسائل فوری حل کیے جائیں جبکہ غیر قانونی تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اولڈ سٹی ایریا اور ریلوے اسٹیشن کی سڑکوں کی حالت خراب ہے جسے فوری طور مرمت کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جو اسکیمیں فنڈز کی کمی کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں ان کی سمری مرتب کی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثنااللہ رند نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد میں ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ بلڈنگ حیدرآباد کی 31اسکیمیں ، ڈسٹرکٹ ہائی وے کی 24اسکیمیں اور پروونشل ہائی وے کی 26اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ ایم اینڈ آر کے تحت ڈسٹرکٹ ٹنڈو الہیار کی ڈسٹرکٹ بلڈنگ کی 6اسکیمیں ، ڈسٹرکٹ ہائی وے کی 7اسکیمیں اور پروونشل ہائی وے کی 21اسکیموں پر کام جاری ہے۔