کراچی میں 250ہائبرڈ بسوں کیلیے چینی اور ترک کمپنی سے معاہدہ

200

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے تحت 250 بسیں سڑکوں پر لانے کے لےے این آر ٹی
سی کے ذریعے چینی اور ترک کمپنی سے معاہدہ کرلیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ترکی، چین کی کمپنیوں اور این آر ٹی سی کے ساتھ مشترکہ کنسور شیم بنایا اور معاہدہ کیا ہے‘ آئندہ سال 31جنوری کے بعد پہلے فیز میں 50 بسیں کراچی کے روڈ پر ہوںگی‘ فروری کے پہلے ہفتے میں بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی‘باقی دوسرے فیز میں آئیں گی‘کراچی میں6روٹس پر ڈیزل ہائبرڈ بسیں چلیں گی‘ پیپلز بس سروس پروجیکٹ شروع ہونے سے قبل ضلع وسطی یوپی موڑ پر بس ڈپو قائم کیا جائے گا جبکہ پروجیکٹ شروع ہونے کے بعد مزید 5 ڈپو قائم کیے جائیں گے‘سندھ جیسے مالی وسائل کا شکار صوبے میں صرف ٹرانسپورٹ کے لےے8 ارب روپے رکھنا مشکل تھا تاہم پارٹی چیئرمین بلاول زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا‘دوسرے مرحلے میں 150مزید بسیں لائیں گے‘ فنڈز کا مسئلہ تھا ‘ اب فنڈز ریلیز ہوگئے ہیں‘ 250 انٹرا سٹی بسز کا یہ پہلا منصوبہ ہے‘ دوسرا منصوبہ150 بسوں کا ہے اس پر بھی جلد کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر توفیق نے کہاکہ این آر ٹی سی سندھ میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل استعمال کرے گی‘ جلد از جلد پبلک کو سہولت دینا چاہتے ہیں، 300بس اسٹاپ بنیں گے اور بین الاقوامی طرز کا سسٹم ہوگا ۔