ٹی 20رینکنگ، حارث رئوف اور شاہین آفریدی کی ترقی

219

دبئی(نمائندہ خصوصی)بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف اور شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی رینکنگ میں لمبی چھلانگیں لگاتے ہوئے ٹاپ 20بولرز میں شامل ہو گئے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ اور بھارت کیخلاف شاندار پرفارمنس کے بعد حارث رئوف کی رینکنگ میں واضح بہتری آئی ہے۔بولرز کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں حارث رئوف 50ویں پوزیشن سے ترقی پاتے ہوئے 17 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی 11درجے بہتری کے بعد 23سے 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بیٹنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی دوسری پوزیشن برقرار ہے تاہم ان کا بیٹنگ کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ڈیوڈ ملان سے ریٹنگ پوائنٹس کا فرق کم ہو گیا ہے۔پاکستان کے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تین درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، کوہلی پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ٹی 20فارمیٹ میں تبریز شمسی کا پہلا نمبر برقرار ہے، ونڈو ڈی سلوا دوسرے ، راشد خان تیسرے ، عادل رشید چوتھے اور مجیب الرحمان پانچویں نمبر پر ہیں ۔ شاہین آفریدی ترقی پا کر بارہویں اور حارث روف 17ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بہترین آل رانڈرز کی رینکنگ میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن نے نمبر ون پوزیشن پر دوبارہ قبضہ جما لیا۔