اینگرو اور حکومت سندھ پہلا ہائبرڈ رینیوایبل انرجی پارک قائم کرینگے

310

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینگرو انرجی لمیٹڈ(ای ای ایل) نے سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (ایس ٹی ڈی سی) اور ڈپارٹمنٹ آف آلٹرنیٹ انرجی (ڈی اے ای) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد جھمپیر کے مقام پر رینیوایبل انرجی پارک قائم کرنا ہے۔ یہ رینیوایبل انرجی پارک پورٹ قاسم اور دھابیجی میں واقع صنعتوں کو بجلی فراہم کرے گا۔ مفاہمت کی یادداشت میں درج شرائط کے مطابق اینگرو ملک کا پہلا ہائبرڈ سولر پی وی اور ونڈ پارک تعمیر کرے گا جبکہ ایس ٹی ڈی سی اور ڈی اے ای ، بالترتیب، ٹرانسمیشن نیٹ ورک بچھانے اور پروجیکٹ کے لیے زمین کی فراہمی کے ذمہ دار ہوں گے۔ مفاہمت کی مشترکہ یادداشت میں راہنما کا کردار حکومت سندھ انجام دے گی۔یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، اینگرو کارپوریشن کے صدر غیاث خان، اینگرو انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، احسن ظفر سید، اسی ٹی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سلیم شیخ، اور لیڈرشپ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت پر اینگرو پاور جین قادرپور لمٹیڈ (ای پی کیو ایل) کے چیف ایگزیکٹوآفیسرشہاب قدر ، ڈی اے ای کے ڈائریکٹر، امتیاز علی شاہ اور ایس ٹی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سلیم شیخ نے دستخط کیے۔جھمپیر کے وِنڈ کوریڈور میں رینیوایبل ہائبرِڈ اور سولر پی وی پارک کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کا منصوبہ اینگرو کے ویژن سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد سندھ کے صنعتی کلسٹر کو سستی اور قابل بھروسہ بجلی فراہم کرنا ہے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے بلوں میں 20 فیصد تک کمی ہو گی بلکہ حکومت سندھ سنہ 2030ء تک 30 فیصدتک نرجی مکس میں رینیوایبل انرجی کے حصے میں بتدریج اضافے کا عزم پورا کر سکے گی۔