اسٹاک ایکس چینج میں نئے ٹریڈنگ سسٹم کے حوالے سے مشکلات درپیش

460

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے ٹریڈنگ سسٹم کے حوالے سے بدھ کو بھی مشکلات درپیش رہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق تکنیکی مسائل کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ڈھائی گھنٹے کے لیے ر وک دی گئی۔پی ایس ایکس نے پہلا نوٹیفیکشن 11 بجکر 58 منٹ پر جاری کیا تھا جس کے مطابق کاروبار 12 بجے سے 2 بجے تک بند کردیا گیا تھا بعد ازاں 1 بجکر 58 منٹ ایک اور نوٹیفیکشن جاری کیا جس کے مطابق ٹریڈنگ شروع ہونے میں مزید 30 منٹ کی توسیع کردی گئی ہے۔ٹریڈنگ میں رکاوٹ چین سے خریدے گئے نئے ٹریڈنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث ہوئی جس کے بعد سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نوٹیفیکشن کے بعد دن 12 بجے سے کاروبار بند کردیا گیا تھا جو 2 بجکر 30 منٹ پر دوبارہ شروع ہوگا۔ٹریڈنگ میں رکاوٹ سے کچھ دیر قبل اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 693 پوائنٹس یا 1.53 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔پاکستان نے چین سے نیا ٹریڈنگ سسٹم 46 کروڑ روپے میں خریدا ہے جس کا آغاز پیر 25 اکتوبر سے کیا گیا تھا۔