شیخ رشید قوم کو گمراہ کررہے ہیں،مسئلے کا پر امن حل ممکن ہے،مفتی منیب

490

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف عالم دین اور رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے دانستہ غلط بیانی کر رہے ہیں‘ قتل و غارت کے بغیر مسئلے کا حل ممکن ہے۔ اپنے جاری بیان میں مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے دانستہ غلط بیانی کر رہے ہیں کہ ٹی ایل پی کے ساتھ آخری معاہدے میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنا شامل نہیں ہے، صرف پارلیمنٹ میں پیش کرنا اور بحث کرنا شامل ہے،دیگر امور کے بارے میں وزیر داخلہ نے خود کہا کہ انہیں تسلیم کیا جاسکتا ہے، تو سوال یہ ہے کہ تسلیم کرنے میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو معلوم ہے کہ حکومت کے پاس طاقت بھی ہے اور اسے استعمال کرنے کا اختیار اور وسائل بھی اس کے پاس ہیں لیکن ناحق قتل کبھی فراموش نہیں کیے جاتے‘ تاریخ کے ریکارڈ میں محفوظ رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی عدالت میں بھی سب سے پہلے قتلِ ناحق کے معاملات پر ہی فیصلے ہوں گے لہٰذا وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل ہے کہ حکمت و تدبر سے کام لے کر اس مسئلے کا پرامن حل نکالا جائے، یہ لوگ پاکستانی ہیں، حُبِّ رسولؐکے جذبے سے سرشار ہیں ‘ پاکستان کے وفادار ہیں‘ کسی غیر ملکی طاقت کے نمک خوار یا آلہ کار نہیں ہیں۔