ای سی سی کی تشکیل نو: وزیر اعظم نے عمر ایوب کو چیئر مین مقرر کردیا

259

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی جگہ عمر ایوب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شوکت ترین کا وفاقی وزیر کا اسٹیٹس ختم ہونے کے باعث ای سی سی کی تشکیل نو کرتے ہوئے ان کی جگہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کو ای سی سی کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔ تعیناتی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہوگی، 12 رکنی ای سی سی میں مواصلات، توانائی کے وزرا، وزیر صنعت و پیداوار، داخلہ، قانون و انصاف، میری ٹائم افیئرز، وزارت غذائی تحفظ، منصوبہ بندی، نجکاری، ریلوے، آبی وسائل کے وزرا شامل ہوں گے۔

یاد رہے 16اکتوبر شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر مدت پوری ہونے کے بعد انھیں مشیر خزانہ اور ریونیو مقرر کردیا گیا تھا۔ شوکت ترین مشیر بننے کے بعد مختلف کمیٹیوں کی سربراہی بھی نہیں کرسکیں گے، وہ ای سی سی سمیت دیگرکابینہ کمیٹیوں کی صدارت کے بھی اہل نہیں رہیں گے۔