“حکومت ٹی ایل پی کے مظاہروں کو روکنے کے ظالمانہ رویہ اختیار کررہی ہے”

275
مولانا فضل الرحمن کی کال کے بعد ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دے دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے

اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن  کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے لاہور میں انسانی حقوق پامال کرکے پر امن مظاہرین کو روکنے کے لیے تشدد کا راستہ اختیار کیا گیا،اب پھر ٹی ایل پی پر ظالمانہ تشدد کیا جارہاہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ احتجاج ٹی ایل پی کا قانونی حق ہے، اب تک لاہور میں 10سے زیادہ افراد شہید ہوچکے ہیں ،  حکومت معاملات کو حل کرنے کے لیے  ظالمانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے پر امن راستہ اختیار کرے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ ہم 2018کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے، دھاندلی سے آنے والی حکومت کیسے بلدیاتی انتخابات کراسکتی ہے،ہم اس بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہیں کر یں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آئینی وقانونی ماہرین سےمشورہ کر کے ہم  الیکشن کمیشن میں اپنےتحفظات پیش کریں گے، موجودہ حکومت کا پیش کردہ الیکشن کا نظام تباہی کا سبب بنے گا۔