ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

289

ابوظہبی (وزیر علی قادری):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، 125 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، جیسن رائے کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

 بنگال ٹائیگرز کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے 26رنز پر تین کھلاڑی آﺅٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، مشفیق الرحیم 29 اور کپتان محمد اللہ 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ناسم احمد 19 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، انگلینڈ کے فاسٹ باﺅلر ٹائمل ملز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

لیام لیونگ سٹون اور معین علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، انگلینڈ نے 125 رنز کا ہدف جیسن رائے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، جیسن رائے نے 38 بالوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملان 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ بنگلہ دیش کے شریف الاسلام اور ناسم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ایک آسان مقابلے میں شکست دے کر گروپ ون میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ اوپننگ بلے باز جیسن رائے کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔