جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبد الرشید پر پیپلز پارٹی کے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

273

جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی اور جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید پر پیپلز پارٹی کے غنڈوں کے حملے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،عبد الرشید اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے  تھے جن پر ایم پی اے سید عبد الرشید پر حملہ کرنے والے غنڈہ عناصر کو گرفتار کرو،عبد الرشید تیرے چاہنے والے،لیاری والے لیاری والے، پانی پر انسان کا بنیادی حق ہے ، پانی پر سیاست بند کرو، نہیں چلے گی نہیں چلے گی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، سندھ حکومت لیاری کے 40 چوروں کو لگام دے، سندھ حکومت شرم کرو پانی گٹر کی سیاست ختم کرو اور دیگر نعرے درج تھے۔مظاہرے میں زخمی ہونے والوں سمیت لیاری کی خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لیاری میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی گزشتہ 25 سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے۔ لیکن طرز سیاست وہی آمرانہ اور غنڈہ گردی کا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کا اقتدار اسٹبلشمنٹ کی مرہون منت ہے۔ اسٹبلشمنٹ کو بھی یہ بات سمجھنا چاہیئے کہ کب تک کراچی کے لوگوں کا استحصال کیا جاتا رہے گا۔ پیپلز پارٹی لیاری کو پیرس بنانے کا دعوی کرتی رہی ہے۔ لیاری میں فٹبال ، باکسنگ اور تعلیمی ادارے اس کی شناخت تھی۔ لیاری کی ایک آر او پلانٹ پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی۔کراچی: آج لیاری میں آر او پلانٹ کا نام و نشان تک نہیں ہے۔پیپلز پارٹی کے غنڈے تشدد کے ذریعے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔

سید عبد الرشید نے کہا کہ آج لیاری کے بسنے والے پریس کلب پر لیاری میں غنڈہ گردی کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ 30 سال سے لیاری کے عوام پر گینگسٹر کو مسلط کیاگیا۔ لیاری کے باسیوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھاگیاِ، پیپلز پارٹی نے لیاری کے عوام کا استحصال کیا۔انہوں نے کہا کہ  لیاری کے عوام کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگاؤگے تو پانی ملے گا یہ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔