ٹی-20 میں پاکستان کی جیت پر جشن دراصل بی جے پی کو چِڑھانا تھا، فاروق عبداللہ

343

سری نگر: جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب جموں وکشمیر میں خون ریزی ختم نہیں ہو رہی۔

جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے پونچھ ضلع کے سورن کوٹ میں ایک عوامی جلسے میں بی جے پی پر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی-20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کی جیت کا جو جشن منایا گیا، وہ پاکستان کی حمایت کے لئے نہیں بلکہ بی جے پی کو چِڑھانے کے لئے تھا۔

فاروق عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے بی جے پی کو یہ پیغام واضح طور پر دے دیا ہے کہ انہیں آرٹیکل 370 لوٹانا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب جموں وکشمیر میں دہشت گردی نہیں رک سکتی۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ آرٹیکل 370 ہٹانے پر جموں وکشمیر میں ایک بھی گولی نہیں چلی لیکن حقائق سب پر واضح ہیں۔