سندھیوں سے ناانصافیوں اور زیادتیوں میں اضافہ ہوا ہے،زین شاہ

256

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ سندھ کے بہادر قوم پرست بحریہ ٹاؤن کے اسیر ایس یو پی کے مرکزی رہنما سید زین شاہ نے کندھکوٹ کے مقامی ہال میں کارکنان سے خطاب و میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وسیلے، سندھ میں غیروں کی آبادکاری، سندھ کی ملکیت فروخت کرنے والے معاملے پر ہم کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ گزشتہ کئی سالوں سے سندھیوں سے ناانصافیوں اور زیادتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک سازش کے تحت سندھ کی قوم پرستی کو ختم کرنے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسنگ پرسن کا معاملہ بڑھا ہے، پہلے بلوچستان میں خواتین وبچوں کو لاپتاکیا جاتا تھا اب سندھ میں خواتین اور معصوم بچوں کو لاپتا کیا جا رہا ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور جو سندھ میں غیر آباد ہیں ان کو فی الفور نکالا جائے۔ افغانستان، بنگلادیش ودیگر ممالک کے افراد غیر آباد ہیں ان کو سندھ سے فوراً نکالا جائے۔ سندھی لوگ اپنی دھرتی کی خاطر ہر قربانی دینے کیلیے تیار ہیں سندھ کے منتخب ہونے والے سرداروں، امیروں اور جاگیرداروں نے بڑا نقصان پہنچایا ہے سندھ میں جان بوجھ کر تباہی کی گئی۔ شہروں میں عوام کو کوئی بھی سہولت نہیں ہے اسکول بند، سڑکیں تباہ، اسپتالوں میں کوئی بھی سہولت نہیں ہے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری روشن برڑو نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے جس کے ذمے دار حکمران ہیں غریب عوام روٹی کیلیے پریشان ہے عوام کو اب اصل قیادت کو ووٹ دینا پڑیگا۔ جس سے سندھ کی تقدیر تبدیل ہوگی۔ ڈویژنل صدر ظریت ساگر بجارانی نے کہا کہ قوم پرست ہی عوام کا دکھ درد رکھتے ہیں جلد سندھ میں قوم پرست قیادت کا دور آئے گا۔ سندھ کے حقوق کی خاطر سڑکوں پر ہم ہوںگے۔ ضلعی صدر دلمراد ڈاھانی نے کہا کہ ایس یو پی کے منشور میں ہی سندھ کی ترقی ہے سرداروں، وڈیروں، جاگیرداروں نے کرپشن کی حد کردی ہے کارکنان تیاری کریں مکانی الیکشن میں بھرپور حصہ لیا جائیگا۔ اس موقع پر شاہنواز مرھیٹو، رحمدل لاشاری، اصغر شیخ، غلام علی سبزوئی ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ مجلس وحدت المسلمین کے میر فائق علی خان جکھرانی، جماعت اسلامی سندھ کے رہنما حافظ نصراللّٰہ چنا، ویڈرو یونین رہنما اصغر بجارانی، پاک سرزمین پارٹی کے ڈویژنل صدر بشیر احمد میرانی، سماجی ورکر غلام مصطفیٰ میرانی سمیت شہر کے معززین وکارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔