بدین، دھان کی فصل کی کٹائی شروع ، مالکان کی فی بوری پرکٹوتی

252

بدین(نمائندہ جسارت)زیریں سندھ میں دھان کے فصل کی کٹائی کے ساتھ ہی رائس ملز مالکان اور دھان خریداروں نے دھان کی قیمت خرید کم اور فی بوری چار سے پانچ کلو کٹوتی اور کاشتکاروں کا معاشی قتل کے خلاف ایس یو پی کی اپیل پر مختلف آبادگار اور سیاسی جماعتوں کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، ڈی سی بدین کا نوٹس ،معاملے کے حل کی ہدایت جاری۔تفصیلات کے مطابق زیریں سندھ میں سب سے زیادہ کاشت کی جانیوالی فصل دھان کی کٹائی کا عمل شروع ہوتے ہی بدین سمیت ضلع بدین کے علاقوں گولارچی ،تلہار ،ماتلی اورٹنڈوباگو میں قائم چار سو سے زائد چاول کے کار خانہ مالکان اور دھان کی خریداروں نے مختلف بہانوں سے دھان کی فی من پر غیرقانونی کٹوٹی سے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ کم ریٹ اور غیر قانونی کٹوتی کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی اپیل پر مختلف سیاسی پارٹیوں اور آبادگاروں کی جانب سے ڈی سی چوک سے ڈی سی آفس تک ایس یو پی کے صوبائی نائب صدر ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور آبادگار رہنما عزیزاللہ ڈیرو، حیدرشاہ دانش، نور فتح محمد مہری، ناز نوتکانی، علی حیدر پھنور، عثمان بجیر ،جاوید مندرو اور دیگر کی قیادت میں آبادگاروں، سیاسی، سماجی کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور ڈی سی آفس کے سامنے چاول کے کارخانہ مالکان کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔اس موقع پر سیاسی اور آبادگار رہنماؤں نے کہا کہ نہری پانی کی بدترین قلت اور پانی کی فراہمی میں تاخیر کے باعث آبادگار چاول کی فصل حدف کے مطابق کاشت نہیں کر سکے اور کاشت کی گئی دھان کی فی ایکڑ پیدوار میں بھی انتہائی کمی آئی ہے اور اب جب کاشت دھان کی تیار نئی فصل جیسے ہی دھان ملز میں پہنچتی ہے مل مالکان کی جانب سے مسچر کے بہانے فی بوری کم از کم چار سے پانچ کلو کی ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے۔جبکہ دھان کی قیمت خرید بھی کم کرکے چودہ سو روپے کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات کا سامنا ہے۔ اس موقع پر ڈی سی بدین آغا شاہ نوازخان کی ہدایت پر اے سی بدین محمد یونس رند اور مختارکار بدین نبی بخش سولنگی نے احتجاجی آبادگار اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کر کے معاملے کے حل کی یقین دہانی پر آبادگاروں کے ہمراہ ڈی سی بدین آغا شاہ نواز خان سے ملاقات کی سیاسی اور آبادگار رہنماؤں نے دھان کے کاشکاروں کے ساتھ چاول کارخانہ مالکان کی زیادتیوں اپنی شکایات اور خدشات سے آگاہ کیا۔ اس مواقع پر ڈی سی بدین آغا شاہ نواز خان نے کہا کہ وہ آبادگاروں کی شکایات کا پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کو ضرور ی ہدایات بھی جاری کر چکے ہیں اور سرکاری جاری اعلامیہ میں ڈی سی آفس سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے رابطہ نمبر بھی مہیا کر دییے گئے ہیں تاکہ کسی بھی آبادگار کو کوئی بھی شکایت ہے تو وہ فوری طور پر ان افسران سے رابطہ کر کے اپنی شکایات سے آگاہ کریں تاکہ اس کے حل اور شکایت کے ازالے کے لیے ضروری کارروائی اور اقدام کیا جا سکے۔