جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلیے کوشاں ہے

221

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلیے کوشاں ہے اور ہماری ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے ۔جب تک عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع ملیں تو آئین شکنی خود بخود ختم ہوجائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں نومنتخب زونل امراء کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو غریبوں نے نہیں اشرافیہ اور طبقہ امراء نے نقصان پہنچایا ہے ۔آج تک ملکی اقتدار پر مسلط رہنے والے خود غرض حکمرانوںنے تمام وسائل کا رخ اپنے محلوں اور بنگلوں کی طرف موڑ رکھا ہے ،حکمرانوں نے ہمیشہ غریب کی جھونپڑی میں جلنے والے دیے کو بھی بجھانے کی کوشش کی ہے لیکن غربت اور مہنگائی کے مارے عوام نے حکمرانوں کے تمام تر مظالم کو سہنے کے باوجود ہار نہیں مانی اور وہ آج بھی ملکی ترقی و خوشحالی کیلیے اپنا خون پسینہ ایک کررہے ہیں اور محنت و مشقت کرکے ٹیکس اور بل دے رہے ہیں ۔