تبدیلی سرکار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا “جاوید قصوری”

276

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پاکستان گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں مہنگائی کا 70سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ گھی، تیل کے نرخوں میں 133، چینی کی قیمت میں 84فیصد، آٹا 52فیصد، پیٹرول 49اور گوشت کی قیمتوں میں 60فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں روپے کی قدر میں 40فیصد تک کمی مہنگائی میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتنی شرم کی بات ہے کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر روپے کی بے قدری پر اپنی نا اہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے عجیب و غریب منطق قوم کے سامنے پیش کررہے ہیں۔ اس قسم کے لوگوں نے ملکی معیشت کا حشر نشر کرکے رکھ دیا ہے۔ ڈالر کی قیمت تین برسوں میں 51فیصد تک بڑھی ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں 400اور بجلی کے نرخوں میں 200فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مزید اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کرونا اور ڈینگی سے لوگ مررہے ہیں۔جبکہ حکومتی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ رواں سال پنجاب کیسز کی تعداد 10528اور لاہور میں 7005کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔ ڈینگی کے خلاف حفاظتی ہنگامی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔ متعلقہ محکمے خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔