بدین انڈس اسپتال کے عملے کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج۔

249

بدین(نمائندہ جسارت) تنخواہوں الائنس اور دیگر مراعات کی عدم ادائیگی کے خلاف انڈس سپتال کے ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کا مظاہرہ اوردھرنا، کوریج کرنے والے صحافی کو سیکورٹی انچارج اور گارڈ نے کوریج کرنے سے روک کر موبائل چھین لیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈس اسپتال کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے ملازمین نے طبی سرگرمیاں معطل کر کے تنخواہوں میں اضافہ اور پرموشن نہ کرنے کورونا سمیت دیگر الائنس ایکریمنٹ اور دیگر مراعات کی عدم فراہمی کے خلاف ملازمین نے ڈاکٹر تابش ملک، ڈاکٹر خالد اشرف میمن، ڈاکٹر عبدالرزاق سومرو ،صدام پھنور سلام، کاوش جنید اور دیگر کی قیادت میں انڈس اسپتال کے باہر مظاہرہ اور دھرنا دے کر احتجاج کیا۔ اس موقع پر انڈس اسپتال کے سیکورٹی انچارج میجر (ر) عبدالرزاق ہکڑو اور سپروائزر عبدالحسین سومرو نے سینئر صحافی اور بدین پریس کلب کے عہدیدار ساون خاصخیلی کو ملازمین کے احتجاج کی میڈیا کوریج سے روکتے ہوئے تلخ کلامی کی اور موبائل چھین کر اپنے ساتھ لے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف نے صحافی کو احتجاج کی کوریج سے روکنے تلخ کلامی کرنے اور زبردستی موبائل چھیننے پر سیکورٹی انچارج کا گھیرا تنگ کر کے اس کے خلاف سخت احتجاج اور نعرے بازی کی اور سیکورٹی انچارج کو موبائل واپس کرنے پر مجبور کیا۔ بدین پریس کلب اور صحافتی تنظیموں نے انڈس اسپتال کے سیکورٹی انچارج کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے سیکورٹی انچارج اور گارڈ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سیکورٹی انچارج اور گارڈز نے نوجوان صحافی راجا شکیل گانچی پر حملہ کر کے زدوکوب کیا تھا دونوں واقعات سے انڈس کی اعلی ‘ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر بدین ایس ایس پی بدین کو اگاہ کر دیا گیا ہے، ایس ایس بدین شاہ نواز چاچڑ کی ہدایت پر ایس ایچ او بدین نے انڈس اسپتال سیکورٹی انچارج کو طلب کر لیا ہے۔