دنیا و آخرت میں کامیابی اسوہ رسول ﷺ پر عمل ہی سے ممکن ہے

239

ٹنڈوآدم (نمائنہ جسارت ) سیرت النبیﷺ کے سلسلے میں گورنمنٹ نیو علیگڑھ ڈگری کالج ٹنڈوآدم پروفیسر قربان علی سیال کی زیرِ صدارت پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام میں طلبا کے مابین مقابلہ حسن قرآت، مقابلہ نعت رسول مقبول ﷺ اور سیرت رسولﷺکے موضوع پر تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔پروگرام میں ججز کے فرائض پروفیسر یونس جٹ، پروفیسر غلام مصطفی تبسم، پروفیسر عبداللہ انڈھر، پروفیسر ذوالفقار جتوئی اور پروفیسر مختار ماکا نے انجام دیے جبکہ کمپئرنگ کے فرائض پروفیسر احمد بلال غوری اور پروفیسر ابرار احمد بیگ نے انجام دیے۔ پروگرام کے آرگنائزر پروفیسر افضل قریشی اور پروفیسر ساجد انصاری تھے جبکہ پروگرام کی کوریج پروفیسر احمد جبران غوری اور ڈی پی ای محمد ادیب عالم نے کی۔ پروگرام کے اختتام پر تینوں مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں ٹرافیز، سیرت النبی ﷺ کے عنوان سے لکھی گئی کتب اور پروفیسر غلام مصطفی تبسم کی لکھی کتاب ماں تحفتاً دیں گئیں ۔تقریب سے پرنسپل گورنمنٹ نیو علی گڑھ ڈگری کالج ٹنڈوآدم پروفیسر قربان علی سیال اور پروفیسر احمد بلال غوری نے خطاب کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ رحمت للعالمین کی سیرت طیبہ دنیا بھر کے انسانوں کے لیے بہترین نمونہ عمل ہے دنیا و آخرت میں کامیابی اسوہ رسول ﷺ پر عمل ہی سے ممکن ہے، نوجوان سیرت طیبہ کا مطالعہ کریں اور اسوہ حسنہ کی روشنی میں اپنے اخلاق و معاملات کو سنواریں، ہمیں آپس کے اختلافات کو ختم کرکے اللہ کی رسی یعنی کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺ کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا اور یہی مقصودِ خدا وندی ہے۔