پولیس نے مقابلے میں زخمی 2 ڈاکوئوں سمیت 11 ملزم پکڑلیے

183

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے مقابلے میںزخمی 2ڈاکوؤںسمیت11ملزم گرفتارکرلیے۔منگھوپیرسے نجی نیوز چینل کی ٹیم پر حملے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق منگھو پیر تھانے کی حدود میں غیر قانونی ہائیڈرینٹ مافیاپر رپورٹ بنا تے ہوئے مافیا کی جانب سے صحافی کو اسلحہ کے زور پر اغواء کرنے کی کوشش کی گئی ،ٹیم جب رمضان گوٹھ میں قائم غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ کی کوریج کے لیے پہنچی تو ایک شخص ٹیم کے پاس آیا اور اسلحہ نکال کر پوری ٹیم کو یرغمال بنالیا،پولیس نے حملے میں ملوث مرکزی ملزم ہدایت اللہ کو دو ساتھیوں سمیت صولت جعفری کی نشاندہی کی مدد سے گرفتار کیا۔شاہ لطیف میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ابراہیم حیدری پولیس نے 15 روز قبل قتل ہونے والے شخص کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق مقتول محمد علی کو 9 اکتوبر کی شام کو الیاس گوٹھ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا،پولیس نے بتایا کہ قتل کی واردات میں ملوث تین ملزمان جمیل ،لقمان شاہ اور سجاد خان کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ واردات میں ملوث جمیل مقتول محمد علی کا قریبی رشتہ دار ہے ،جمیل نے ذاتی رنجش کی بنا پر محمد علی کو قتل کرنے کی سپاری دی تھی،مقتول محمد علی کو چھے گولیاں لگی تھیں۔عزیز بھٹی پولیس نے شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے رکشاگینگ کے ملزم کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔