حبس بے جا میں رکھی گئی خاتون بازیاب، بیٹا اور بہو گرفتار

136

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ویسٹ پولیس نے بیٹے اور بہو کے ہاتھوں حبس بے جا میں رکھی ہوئی بوڑھی خاتون کو بازیاب کرالیا۔ ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کے مطابق سفاک بیٹا اور بہو ضعیف العمر خاتون کو نشہ آور ادویات کھلا کر گھر میں بند کرکے رکھتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم جمیل احمد اور ملزمہ جمیلہ زوجہ جمیل احمد نے سندھ کے نواحی علاقے کھپرو میں موجود مکان/پلاٹ کے لالچ میں ضعیف العمر خاتون کو اس حال میں رکھا ہوا تھا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی کارروائی کر کے حبس بے جا میں رکھی ہوئی خاتون کو بازیاب کروایا اور بیٹے اور بہو کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کو برائے میڈیکل پولیس کی نگرانی میں اسپتال روانہ کیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔