پنجاب اسمبلی،نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنے کی قرار داد متفقہ منظور

483

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔ اسپیکر چودھری پرویزالٰہی نے آغاز میں کہا کہ پنجاب اسمبلی نے قرآن ایکٹ اور ختم نبوت کے حوالے سے متعلق قانون متفقہ طور پر پاس کیا تھا، اب بہت سے ایسے کیس سامنے آ رہے ہیں جن میں شادی کے بعد دولہا قادیانی نکلتا ہے اس کے سدباب کے لیے نکاح نامے میں بھی ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ نکاح ہونے سے پہلے ہی تمام شکوک و شبہات دور کر لیے جائیں۔ نکاح نامہ فارم میں ختم نبوت کے حلف نامے کا کالم شامل کرنے سے متعلق قرارداد ق لیگ کی خدیجہ عمر، بسمہ چودھری اور مسلم لیگ ن کے مولانا الیاس چنیوٹی نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ’’پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت پنجاب سے اس امر کا مطالبہ کرتا ہے کہ مسلمان اور غیر مسلم (قادیانی، احمدی وغیرہ) میں فرق واضح کرنے کے لیے نادرا فارم اور پاسپورٹ فارم میں مندرج حلف نامے کی طرز پر دی مسلم فیملی لا آرڈیننس 1961ء کے تحت وضع کیے ہوئے قواعد کے قاعدہ نمبر8 اور 10 کے تحت مجوزہ نکاح نامہ فارم میں بھی ختم نبوت کا مندرجہ ذیل حلف نامے کے ساتھ واضح طور پر کالم شامل کیا جائے‘‘۔ یہ حلف نامہ یوں ہے ’’میں مسلمان ہوں اور نبی حضرت محمدؐکے آخری، حتمی اور غیر مشروط خاتم النبیین ہونے پر ایمان رکھتا/ رکھتی ہوں۔ میں ایسے کسی بھی شخص کو نہیں مانتا/ مانتی جو محمدؐ کے بعد لفظ ’’نبی‘‘ کی کسی بھی تشریح یا کسی بھی ممکنہ حوالے سے نبی ہونے کا دعویٰ کرے، یا نبوت کے ایسے مدعی کو نبی یا مذہبی مصلح، یا مسلمان ہی نہیں مانتا/ مانتی ہوں۔ میں مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا نبی سمجھتا/ سمجھتی ہوں اور اس کے لاہوری یا قادیانی گروپ سے تعلق رکھنے والے پیروکاروں کو غیر مسلم سمجھتا/ سمجھتی ہوں‘‘۔ بعد ازاں اس قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے لیے چوڑیاں لے آئیں۔ مرزا جاوید مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے سائیکل پر پنجاب اسمبلی پہنچے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر مسلم لیگ(ن) نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا‘ مظاہرے میں لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور پاکستان کا وزیراعظم ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کی منتیں کررہا ہے۔