الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی کو شوکاز کے جواب کیلیے مہلت

66

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن پاکستان نے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو ادارے اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلیے 15 روز کی مہلت دے دی۔ الیکشن کمیشن ارکان شاہ محمد جتوئی اور نثار درانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر اعظم سواتی کے الزامات کے معاملے پر سماعت کی۔ وزیر ریلوے ذاتی طور پر پیش ہوئے، ان کے معاون وکیل نے استدعا کی کہ بیرسٹر علی ظفر اسلام آباد میں موجود نہیں، وہ اعظم سواتی کی جانب سے جواب داخل کریں گے، شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلیے ایک مہینے کا وقت دیا جائے، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک مہینہ بہت زیادہ ہے، 15 دن کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیں، الیکشن کمیشن نے سماعت 11نومبر تک ملتوی کردی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا کہ خوشی ہے کہ میں کسی چوری یا ڈاکے کے الزام میں پیش نہیں ہورہا، قانون سب کے لیے برابر ہے،الیکشن کمیشن کی پاسداری کے لیے یہاں پیش ہوا ہوں، میری پیشی سے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوگا ۔