ایک ہی دن روزہ و عید منانے کیلیے اسلامی نظریاتی کونسل کردار ادا کرے‘سینیٹ

116

اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے ملک میں ایک ہی روز عیداور روزہ منانے کے لیے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور سمیت اسلامی نظریاتی کونسل کو کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ملک میں ایک ہی روز عید اور رمضان المبارک منانے کے لیے سعودی عرب کی تقلید کی جائے۔قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں کمیٹی کو وزارت کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین نے رویت ہلال کمیٹی کے حوالے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ جب پوری دنیا میں ایک دن عید روزہ ہوتا ہے تو یہاں کیوں نہیں ہوتا جس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیرمین مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی دو ملاقاتیں کرائیں مگر نتیجہ کچھ نہ نکلا جس کے بعد موجودہ چیئرمین کو اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا کہا گیا اورموجودہ رویت ہلال کمیٹی کی بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے ملاقاتیں کرائی ہیں مگر ابھی تک تو کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔