عوام پرپھرپیٹرول بم گرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں‘ اسفندیارولی

114

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 3سال میں عوام کو عذاب، مہنگائی اور ٹیکسز کے سوا کچھ نہیں دیا،3سال میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 133فیصد بڑھ چکی ہیں، حکومت کے پاس نااہلی کے سوا کچھ نہیں۔ ایک بیان میں اسفندیارولی خان نے کہا کہ گھی، چینی، آٹا، دالیں، پیاز، چاول، ٹماٹر غرض کوئی ایسی چیز نہیں جو سستی ہوئی ہو،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 47.8 فیصد تک اضافہ کیا گیا لیکن آج بھی قیمتیں مزید بڑھائی جارہی ہیں،ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، تاریخ کی بلند ترین سطح پر قیمتیں ہونے کے باوجود حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔ قرضوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کشکول توڑنے والوں نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 3 ارب 10کروڑ ڈالر کا قرض لیا، پی ٹی آئی حکومت کے3سال کے دوران قرضوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا،ملک آج بھی بدترین معاشی بحران کا شکار ہے،آئی ایم ایف کی جھولی میں ملک ڈال کر آج انہی کی ایما پر بجلی، پیٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں،مہنگائی ناقابل برداشت ہے،مہنگائی کے خلاف عظیم الشان احتجاجی جلسہ عام 10نومبر کو پشاور میں ہوگا، عوام کو اب ان نااہلوں کے خلاف نکلنا ہوگا۔