پاکستانی کرکٹرز مذہب سے قریب، نماز کے پابند ہیں، ہیڈن

535

دبئی(نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کو مذہب کی طرح سمجھا جاتا ہے جبکہ دونوں ملکوں میں پاک ۔بھارت میچ کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔میتھیو ہیڈن نے کہا کہ 5 ہفتوں سے دبئی میں ہوں،گزشتہ رات جیسا سماں پہلے محسوس نہیں کیا۔قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز ڈریسنگ روم سے باہر جتنے بڑے اسٹار ہیں، اندر اتنے ہی انکسار ہیں اور انہیں اسپورٹس کا بہت احترام ہے۔میتھیو ہیڈن نے کہا کہ مختصر مدت میں پلیئرز کی تکنیک کے بجائے مائینڈ سیٹ پر کام کررہا ہوں جبکہ بابر اعظم ایک مضبوط کپتان ہیں، وہ جلد بازی میں کوئی فیصلے نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں مختلف عمر کے پلیئرز ہیں، کچھ تو ہمارے ساتھ بھی کھیلے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک بطور سینیئر اپنا کردار اچھا نبھا رہے ہیں ۔ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں جو کلچر دیکھا وہ آسٹریلین ڈریسنگ روم میں نہیں دیکھا، پاکستانی کرکٹرز مذہب سے بہت قریب ہیں، نماز کے پابند ہیں، یہ بات مجھے بہت اچھی لگی۔