برآمدی اشیاء کی ایڈوانس لین دین بند ہوگئی، الیاس میمن

198
چیئرمین آل کراچی انجمن تاجران الیاس میمن کراچی چیمبر کے صدر ادریس میمن کو گلدستہ پیش کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آل کراچی انجمن تاجران کے چیئرمین اور طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کے صدر الیاس میمن نے کہاہے کہ حکومت ڈالر کی قیمتوں کو استحکام میں لانے کے لیے اقدامات کرے ،بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے ملک بھر میں افراتفری کی صورتحال ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں حکومتی ا دارے مہنگائی کو کنٹرول رکھنے میں ناکام ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی چیمبر میںبزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اورکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد ادریس میمن سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی چیمبر کے سابق صدر ہارون اگر سینئر نائب صدر عبداالرحمان نقی ، نائب صدر قاضی زاہد حسین، وسیم الرحمان اور دیگر رہنماء موجود تھے۔ الیاس میمن نے کہا کہ بی ایم جی چیئرمین زبیر موتی والاکی جانب سے کورونا لاک ڈائون میں کاروباری بندش اور قوت خرید میں ہونے والی کاروباری کمی سے تاجر برادری ہو نے والے نقصانات پر جس طرح آواز اٹھائی ہے کراچی بھر کی تاجر برادری اور خصوصی طور پر چھوٹے تاجر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بی ایم جی قیادت پر بھر پور اعتماد کرتی ہے ، کیونکہ زبیر موتی والا ہمارے قائد سراج قاسم تیلی کے مشن کو بہتر طریقے سے آگے لے کر جارہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ادریس میمن کراچی چیمبر کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوکر آئے ہیں۔ الیاس میمن نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر نے نرخوں میں 15روپے سے زائد تک اضافہ ہوگیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے جس کی وجہ سے تاجر برادری کے لیے درآمدی اشیاء کا نرخون کا تعین ممکن نہیں رہا ہے ۔کئی شعبوں میں ایڈوانس لین دین ختم کردی گئی ہے جس کے اثرا ت منفی صورتحال میں کاروبار پر پڑ رہے ہیں جس سے تاجر برادری شدید پریشان ہے،حکومت افراتفری کی صورتحال کو کنڑول کرنے کے لیے اقدامات کرے ۔اس موقع پر الیاس میمن نے گزشتہ روز کرکٹ میچ میں بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید کرتے ہیں رواں سال پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20ورلڈ کپ جیت کر آئے گی۔