حماد اظہر پہلی عالمی ہائڈرو پاور کانفرنس کی تقریب کا افتتاح 27اکتوبر کو کریں گے

210

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) انرجی اپڈیٹ کے تحت پہلی عالمی ہائڈرو پاور کانفرنس کا انعقاد 27اکتوبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا جائے گا۔اس کانفرنس میں پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔اس کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شرکت کریں گی۔اس موقع پر اپنے بیان میں آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ محمد نعیم قریشی نے کہاکہ اس وقت ملک میں پانی سے 9000میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے اور موجودہ حکومت کے وژن کے تحت اس میں مزید اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد تمام شراکت داروں کو جمع کرنا اور ان کے مسائل کے حل کو تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پانی سے سستی اور صاف بجلی کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔