ہنزہ میں پاکستان کے پہلے ماحول دوست و اسمارٹ شیلے ریزورٹس کی تعمیر شروع

166

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان میں ہنزہ کے پر فضاء مقام پر پاکستان کے پہلے ماحول دوست و اسمارٹ شیلے ریزورٹس کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ہنزہ میںعطاء آباد جھیل کے کنارے قائم کیے جانے والے15شیلے ریزورٹس کے قیام کے اس منصوبے کو ’’سنجا شیلے ‘‘کا نام دیا گیا ہے ،پہلے مرحلے میں قائم کیے جانے والے یہ 15شیلے ریزورٹس ملک کے پہلے ماحول دوست و اسمارٹ طرز تعمیرکا اعزاز حاصل کریں گے کیونکہ اس شیلے ریزورٹس کی تعمیر میںکنکریٹ کا استعمال نہیںکیا جائے گا بلکہ ان کی تعمیر میںاسٹیل،لکڑی اور دیگر خام مال استعمال کیا جائے گا۔یہ منصوبہ ہنزہ ہاسپیٹلیٹی کی سرمایہ کاری سے مکمل کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی انتظام کاری بن ضیاء ماونزمینجمنٹ کنسلٹیشن کے ذمہ ہے ،منصوبے کے حوالے سے بن ضیاء مونز کے منیجنگ ڈائریکٹر حماد بن ضیاء نے بتایا کہ اس ماحول دوست منصوبے میںکاربن اخراج سے بچنے کے لیے توانائی کی طلب شمسی بجلی سے پوری کی جائے گی اور اس آف گرڈ منصوبے کو سولر پینلز سے بجلی فراہم کی جائے گی۔